بیٹے کا اغوا، المنصور اور البدر گروپ سے رابطہ ہوا ہے، گیلانی

Syed Yousaf Raza Gilani

Syed Yousaf Raza Gilani

ملتان: سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بیٹے کے اغوا کے حوالے سے دو گروپوں المنصور اور البدر سے رابطہ ہوا ہے جنہوں نے اس اغوا کو مالا کنڈ ملٹری آپریشن کا شاخسانہ قرار دیا ہے، الیکشن کمیشن کو بلدیاتی الیکشن میں کی جانے والی حلقہ بندیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

انھوں نے ملتان ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری آئین کے مطابق ہونی چاہیے جبکہ موجودہ چیئرمین نیب کو میں خود اپنے دور حکومت میں معطل کرچکا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ زرداری کے کیسز کھولنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کو ان چیزوں کی عادت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے پانچ سالہ دور میں اعلی عدلیہ سمیت اپوزیشن نے ہمیں کسی نے نہیں بخشا۔ ہمارے دور حکومت میں اپوزیشن نے پوائنٹ اسکورنگ کی سیاست کی لیکن ہم عوامی ایشوز کی سیاست کے قائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو دورہ امریکا کی دعوت ملی ہے اور ان کو جانا چاہئے اور ان کی واپسی پر ہی کیا جاسکتا ہے کہ ان کا دورہ کتنا کامیاب رہا۔ انھوں نے کہا کہ ہم مک مکا کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ان باتوں میں کوئی سچائی نہیں کہ مسلم لیگ (ن) سے کوئی مک مکا ہوا ہے۔