اسپیکر، وزرا کیخلاف اینٹی کرپشن کو خط لکھنے کی خبرغلط ہے، ترجمان بلوچستان حکومت

Liaqat Shahwani

Liaqat Shahwani

کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے وزیراعلیٰ جام کمال کی جانب سے اسپیکر اور صوبائی وزیروں کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن کو خط لکھے کی خبر کی تردید کردی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو ، صالح بھوتانی، بشریٰ رند اور ظہور بلیدی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کے حوالے سے محکمہ اینٹی کرپشن اور سی ایم آئی ٹی کو خط لکھنے کی خبر من گھڑت اور حقائق کے برعکس ہے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے ایسی کوئی ہدایت نہیں دی، حقائق کے منافی خبریں چلانا اور سنسنی پھیلانا صحافتی ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں برسراقتدار جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) میں اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں، ان اختلافات کے خاتمے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سرگرم عمل ہیں۔