خلیج میں تمام امریکی بحری جہازوں پر ہماری نظر ہے، ایران

American Ships

American Ships

ایران (جیوڈیسک) ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خانزادی کے مطابق خلیج کے پانیوں میں تمام دشمنوں خاص طور پر امریکی بحری جہازوں کی آمد و رفت کا پل پل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خانزادی کے بقول ایرانی ڈرونز کی مدد سے ان بحری جہازوں کی روزانہ کی سرگرمیوں کی تصاویر جمع کی جا رہی ہیں۔ حسین خانزادی کا یہ بیان ینگ جرنلسٹ کلب کی ویب سائٹ نے منگل کے روز شائع کیا۔

بیان کے مطابق ایرانی بحریہ نے کہا، ”ہم دشمن کے تمام جہازوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جہاں سے یہ بحری جہاز چلتے ہیں، وہاں سے ہی انہیں مانیٹر کرنا شروع کر دیا جاتا ہے اور ان کی نگرانی خطے میں داخل ہونے تک کی جاتی ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ”ہمارے پاس ان کی ایک ایک تصویر موجود ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہم نے ان کا ایک آرکائیو بنا رکھا ہے۔ ہم امریکا اور اتحادی فورسز کی لمحہ بہ لمحہ حرکت سے آگاہ ہیں۔‘‘

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ان دنوں عروج پر ہے ۔گزشتہ روز ایران نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے لیے مبینہ طور پر کام کرنے والے سترہ ایرانیوں کو گرفتار کر لیا۔ سرکاری بیان کے مطابق ان ‘ایجنٹوں‘ کو ایرانی جوہری اور فوجی تنصیبات کی جاسوسی سونپی گئی تھی۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس ایرانی دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ فوکس نیوز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ایرانی حکومت کی تو جھوٹ بولنے کی اپنی ہی ایک تاریخ بھی ہے۔‘‘