سٹاک مارکیٹ میں 842.37 پوائنٹس کی زبردست تیزی، 28 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

Pakistan Stock Market

Pakistan Stock Market

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 842.37 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کوروناوائرس کے باعث گزشتہ ہفتے بھاری گزر رہے ہیں، دو ہفتوں کے دوران چھ سے زائد مرتبہ ٹریڈنگ روکنا پڑی، ان دنوں کے دوران حصص مارکیٹ میں تاریخ کی سب سے بڑی مندی بھی دیکھی گئی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا آغاز ہی زبردست انداز میں ہوا، نو بجے شروع ہونے والی ٹریڈنگ کے بعد پونے گیارہ بجے کے قریب 100 انڈیکس 300 پوائنٹس بڑھ گیا تھا۔ تیزی کا یہ تسلسل رکا اور انڈیکس میں اگلے ہی بیس منٹ کے دوران 350 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

دوپہر دو بجے کے قریب ٹریڈنگ نماز کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تو انڈیکس میں 151 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کا تسلسل آگے جا کر زبردست انداز میں دیکھنے کو ملا، دوپہر سوا دو بجے کے قریب انڈیکس میں شاندار تیزی کا تسلسل رہا اور انڈیکس 769.12 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

پورے کاروباری روز کے دورران کاروبار میں ایک موقع پر انڈیکس 28273.09 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔

حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 842.37 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 28109.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 3.09 فیصد بہتری دیکھی گئی۔

رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران تیزی کے باعث مزید 9 حدیں بحال ہو گئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 27300، 27400، 27500، 27600، 27700، 27800، 27900، 28000 اور 28100 کی حدیں بحال ہوئیں۔

پورے کاروباری روز 14 کروڑ 19 لاکھ 70 ہزار 621 شیئرز کا لین دین ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران سرمایہ کاروں کو تقریباً 130 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔