سوئیڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہونے کے چند گھنٹے بعد مستعفی

Magdalena Andersson

Magdalena Andersson

اسٹاک ہوم (اصل میڈیا ڈیسک) سوئیڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم میگڈیلینا اینڈرسن منتخب ہونے کے چند گھنٹے بعد عہدے سے مستعفی ہو گئیں۔

جرمن میڈیا کے مطابق نومنتخب وزیراعظم میگڈیلینا اینڈرسن کی اتحادی جماعت گرین پارٹی نے بجٹ بل پاس نہ ہونے کے بعد حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا جس کے بعد سوئیڈش وزیراعظم نے بھی استعفیٰ دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں میگڈیلینا اینڈرسن کا کہنا تھا کہ آئینی طریقہ کارکے مطابق اتحادی پارٹی کے علیحدہ ہونے پرمخلوط حکومت کومستعفی ہونا ہوتا ہے۔ ایسی حکومت کی قیادت نہیں کرنا چاہتی جس کی قانونی حیثیت پرتنازع ہو۔
میگڈیلینا اینڈرسن نے جلد دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کی توقع ظاہرکی۔

54 سال کی وزیرخزانہ اور سوشل ڈیموکریٹس جماعت کی میگڈیلینا اینڈرسن کوسوئیڈن کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم منتخب کیا تھا۔

میگڈیلینا کے حق میں 117 اور مخالفت میں 174 ووٹ آئے جبکہ 57 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

سوئیڈش انتخابی نظام میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو پارلیمنٹ میں اکثریت درکار نہیں ہوتی لیکن امیدوار کی مخالفت میں زیادہ ووٹ نہیں آنے چاہیئیں۔