سویڈش طالبعلم آئندہ سال سے 50 ہزار الیکٹرک کاریں بنائینگے

Electric Car

Electric Car

الیکٹرک کاریں بنانے کیلئے پرعزم سویڈش یونیورسٹی کے طالب علموں کے ایک گروپ نے جرمن کمپنی سے ایک معاہدہ کر لیا ہے، آئندہ برس سے یہ گروپ سالانہ بنیادوں پر پچاس ہزار چھوٹی الیکٹرک کاریں بنانے کا کام شروع کر دے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سویڈش یونیورسٹی سے وابستہ طالب علموں کے ایک گروپ نے اپنے طور پر الیکٹرک کاریں بنانے کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔

اس مقصد کی خاطر اس گروپ نے کراؤڈ فنڈنگ سے ایک اعشاریہ تین ملین ڈالر بھی جمع کر لیے تھے تاہم جب معروف جرمن کمپنی کو اس گروپ کے عزائم کا پتہ چلا تو اس نے ان سے اشتراک کر لیا۔

گزشتہ روز جرمن کمپنی اور ان طالب علموں کے گروپ کی طرف سے تصدیق کر دی گئی کہ فریقین کے مابین ایک پارٹنرشپ کے تحت آئندہ برس سے سالانہ بنیادوں پر شہروں کے اندر چلنے والی چھوٹی ساخت کی پچاس ہزار الیکٹرک کاریں بنانے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

اس پیشرفت کو ماحول دوست کاروں کے فروغ کے لیے ایک اور اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔ دو سیٹوں والی اس نئی طرز کی گاڑی کا نام L7e رکھا گیا ہے ، جس میں 15 کلوواٹ کے الیکٹرک انجن نصب کئے جائیں گے ۔ چار سو کلو گرام وزنی اس الیکٹرک کار کی زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 130 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی۔

بتایا گیا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک ان کاروں کی پہلی کھیپ کو نمائش کے لیے تیار کر لیا جائے گا جبکہ2019 کے آغاز سے ان کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔