شام کا حلب پر اسرائیلی میزائل حملہ ناکام بنا دینے کا دعوی

Israeli Missile Strike

Israeli Missile Strike

حلب (اصل میڈیا ڈیسک) شام میں سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا ہے کہ شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے حلب شہر پر اسرائیلی حملے کو پسپا کر دیا۔

شامی ٹی وی کے مطابق سرکاری فوج نے متعدد اسرائیلی میزائلوں کو ان کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا۔

اسرائیلی دفاعی ذمے داران حالیہ مہینوں میں اعلان کر چکے ہیں کہ اسرائیل ،،، شام میں ایران کے خلاف اپنی مہم کو تیز کرے گا جہاں تہران نے اپنی ایجنٹ جنگجو جماعتوں کی مدد سے اپنے وجود کو وسعت دی ہے۔

خطے میں انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق اسرائیل اپنی مذکورہ کارروائیاں ایسے وقت میں بڑھا رہا ہے جب کہ شام سمیت خطے اور دنیا کے تمام ممالک نے کرونا کی وبا پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔

اسرائیل اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ 2011ء میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے اس نے شام کے اندر متعدد حملے کیے ہیں۔

رواں ماہ 3 ستمبر کو شام میں بشار حکومت کے زیر انتظام میڈیا نے بتایا تھا کہ شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے حمص صوبے میں التیفور کے ہوائی اڈے کی سمت داغے گئے اسرائیلی میزائلوں کا راستہ روک لیا اور ان میں زیادہ تر کو مار گرایا۔ اس سے قبل اسرائیلی بم باری میں شامی حکومت کے ہمنوا 10 جنگجو مارے گئے تھے۔