تربیلا سے پیداوار بند، ملک میں بجلی بحران شدت اختیار کر گیا

Power Crisis

Power Crisis

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) تربیلا ڈیم میں مٹی آجانے سے بجلی کی پیداواربند ہو گئی جس کی وجہ سے مشینری کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے نظام میں اس وقت تربیلا سے ہی 4 ہزارمیگاواٹ سے زائد پیداوار میں کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور مجموعی شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے زائد ہو گیا۔

ذرائع کا کہناہےکہ تربیلا سے بجلی کی پیداوار آنے میں وقت لگے گا اور بجلی کے شارٹ فال کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ہے، لاہور کی گنجان آبادیوں میں بجلی کی بندش کا زیادہ سامنا ہے۔

لیسکو حکام کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 5 ہزارمیگا واٹ سے تجاوز کرگئی اور بجلی کی سپلائی 4 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے جب کہ شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیاہے جس کی وجہ سے دیہات اور چھوٹے شہروں میں بجلی فراہمی کی صورتحال بدتر ہو گئی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک میں اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کو طلب کرلیا ہے۔