زیادہ چائے پینے کے مضر اثرات بھی جان لیں

Tea

Tea

چائے کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور اس کی بے شمار اقسام ہیں جن میں سبز چائے، دودھ والی چائے بے حد مقبول ہیں۔

اگرچہ چائے کے گرما گرم کپ کے بے شمار فوائد ہیں اور مختلف تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آ چکی ہے کہ سبز چائے کا استعمال انسان کو کینسر، موٹاپے، ذیابیطس اور امراضِ قلب جیسی جان لیوا بیماریوں سے بچاتا ہے۔

لیکن جہاں ہر چیز میں اعتدال انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے وہیں کسی بھی چیز کا ضرورت سے زیادہ استعمال نقصان دہ بھی ثابت ہوتا ہے۔

روزانہ کتنے کپ چائے پی جا سکتی ہے؟
چائے کو اعتدال میں رہ کر پینا ہی صحت کے لیے فائدے مند ہے۔ دن میں 3 سے زائد کپ چائے پینا صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

اگر آپ بھی ضرورت سے زیادہ چائے پیئں گے تو ایسا کرنے سے آپ کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوجائیں گے۔

1۔ بے آرامی اور نیند سے محرومی

زیادہ چائے پینے کا سب سے خطرناک نقصان یہ ہے کہ زیادہ چائے انسان کو بے آرامی اور نیند سے محرومی میں مبتلا کر دیتی ہے۔

ایک کپ چائے میں 14 سے 16 ملی گرام کیفین کی مقدار پائی جاتی ہے جو کہ زائد مقدار میں لینا صحت کے لیے مضر ثابت ہوتا ہے۔ زیادہ چائے پینے کی وجہ سے انسان بے چینی، بے آرامی اور نیند سے محرومی میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

2۔ چائے کی لت یا عادی ہوجانا

اگر آپ ایک دن میں 2 سے زائد کپ چائے پینا شروع کر دیتے ہیں تو آہستہ آہستہ آپ چائے کی عادت یا چائے کی لت میں مبتلا ہوجائیں گے۔

اس کیفیت کی بعد آپ کو روزانہ زیادہ سے زیادہ چائے کی طلب ہونا شروع ہوجاتی ہے جو ٹھیک نہیں ہے۔ کسی بھی چیز کی لت میں مبتلا ہونا انسانی صحت کے لیے مضر ہوسکتا ہے۔ اس کی وجہ سے آپ کو سر درد اور کسی چیز پر غوروفکر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

3۔ پانی کی کمی

ضرورت سے زیادہ چائے پینا انسانی جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتی ہے۔ چائے میں موجود کیفین کی مقدار جسم کی غذا سے پانی کوجذب کرنے کی صلاحیت کو کم کرتی ہے جس کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے۔

4۔ سینے میں جلن

ضرورت سے زیادہ چائے سینے میں جلن اور تیزابیت پیدا کر سکتی ہے۔ ماہرینِ طب کا کہنا ہے کہ چائے میں موجود کیفین معدے میں تیزاب بڑھانے کا کام بھی کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ زیادہ چائے پینا تیزابیت کا باعث بن سکتا ہے۔