ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، فالو آن کا خطرہ

New Zealand, Pakistan

New Zealand, Pakistan

نیوزی لینڈ (اصل میڈیا ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف ماونٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور قومی ٹیم کے سر پر فالو آن کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔

میچ کے تیسرے روز کے ابتدائی دو سیشن بارش سے متاثر رہے جبکہ چائے کے وقفے سے چند منٹ پہلے تو اولے پڑنے لگے جس کے باعث میچ پھر روک کر چائے کا وقفہ کر دیا گیا۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 30 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن کیوی پیسرز نے پاکستانی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچائے رکھا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 50 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو چھٹا نقصان 80 رنز پر ہوا۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز سست روی سے کیا، تجربہ کار اظہر علی صرف پانچ رنز بنا کر چلتے بنے، شان مسعود 10، محمد عباس 5، عابد علی 25، حارث سہیل 3 اور فواد عالم 9 رنز بنا سکے۔

اس وقت قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور فہیم اشرف وکٹ پر موجود ہیں اور پاکستان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے ہیں۔ ٹیسٹ کپتان محمد رضوان 47 اور فہیم اشرف 34 رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بنائے تھے جس میں کپتان کین ولیمسن کے 129، راس ٹیلر کے 73 اور ہنری نکولس کے 73 رنز بھی شامل تھے۔ پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لیے 231 رنز بنانے ہیں۔