تھائی لینڈ میں جنونی اہلکار کی فوجی اڈے، بدھ عبادت گاہ اور شاپنگ مال میں فائرنگ، 12 ہلاک

Thailand Firing

Thailand Firing

بنکاک (اصل میڈیا ڈیسک) تھائی لینڈ میں ایک اہلکار نے فوجی اڈے میں سرکاری رائفل سے اپنے کمانڈر سمیت 3 اہلکاروں کو قتل کیا پھر فوجی گاڑی چھین کر شاپنگ مال پہنچا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جب کہ بدھ مت کی ایک عبادت گاہ کو بھی نشانہ بنایا اور ساری کارروائی کو براہ راست فیس بک پر نشر بھی کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے ضلع موآنگ میں ایک اہلکار فوجی اڈے میں اپنے کمانڈر اور 2 ساتھیوں کو قتل کرنے کے بعد فوجی گاڑی میں شہر کے مصروف شاپنگ مال پہنچا اور وہاں بھی اندھا دھند فائرنگ کردی، وہیں بدھ مت کی ایک عبادت گاہ پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

جکراپانتھ تھوما نامی اہلکار نے اس پوری کارروائی کو فیس بک پر براہ راست نشر بھی کیا جب کہ کارروائی کے بعد فیس بک پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی جس میں سرکاری رائفل کیساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور کیپشن لکھا کہ ’ میں بہت تھک گیا ہوں‘۔ فیس بک نے تھوڑی ہی دیر بعد پوسٹ ہٹا دی۔

حملہ آور اہلکار کے بارے میں فرار ہوجانے، شاپنگ مال میں شہریوں کو یرغمال بنانے سمیت متضاد خبریں موصول ہو رہی ہیں تاہم مصدقہ خبر یہی ہے کہ تاحال قاتل کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ اہلکار کی ساتھیوں اور عام شہریوں پر فائرنگ کی وجہ بھی سامنے نہیں آسکی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔