چور اور ڈاکوؤں سے برآمد کروڑوں روپے مالیت کا سامان ورثا کے حوالے

CPO Gujranwala Sarfraz Ahmed Falaki

CPO Gujranwala Sarfraz Ahmed Falaki

گوجرانوالا (اصل میڈیا ڈیسک) گوجرانوالا پولیس نے چور اور ڈاکوؤں سے مختلف وارداتوں میں لوٹا ہوا 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا برآمد شدہ مال ورثاء کے حوالے کر دیا۔

پولیس لائن گوجرنوالا میں منعقد تقریب میں بتایا گیا کہ دو ماہ کے دوران پولیس کے سی آئی اے ونگ نے کامیاب آپریشن کر کے 27 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے شہریوں سے لوٹا گیا کروڑروں روپے مالیت کا سامان بھی برآمد کر لیا۔

سی پی او گوجرانوالا سرفراز احمد فلکی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے 38 لاکھ روپے نقدی، 8 کاریں، ٹریکٹر ٹرالی، 84 تولے سونے کے زیورات، تانبہ اور قیمتی گھڑیاں برآمد ہوئیں جن کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 6 لاکھ روپے بنتی ہے۔

سی پی او سرفراز احمد فلکی کی جانب سے مسروقہ سامان ورثا کے حوالے کیا گیا تو شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

سی پی او گوجرانوالا نے بتایا کہ دو ماہ کے قلیل عرصے میں ریکارڈ ریکوری کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی ہے۔

سرفراز احمد فلکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہریوں کے جان، مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنا فرض اسی طرح ادا کر تے رہیں گے۔