تیسرے ٹیسٹ میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست

England and India

England and India

انگلینڈ (اصل میڈیا ڈیسک) تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو اننگز اور 76 رنز سے ہرادیا اور سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

لیڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے دوسری اننگز 215 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی لیکن اُن کے بیٹسمین انگلش بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔

بقیہ آٹھ بیٹسمین اسکور میں صرف 63 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے۔ پجارا 91 رنز بناکر پویلین لوٹے، کپتان کوہلی 55 رنز بناسکے، راہانے 10 ، رشبھ پنٹ ایک، محمد شامی چھ اور اشانت شرما دو رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

آل راؤنڈر رویندرا جدیجا نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد سراج صفر پر میدان سے باہر گئے۔

بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 278 پر آؤٹ ہونے کے سبب ایک اننگز اور 76 رنز سے میچ ہار گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے اولیور رابنسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 65 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، کریگ اوور ٹن نے تین شکار کیے، معین علی اور اینڈرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 78 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد انگلینڈ نے جوئے روٹ کی شاندار سنچری کی بدولت 432 رنز بنائے تھے۔

دونوں ملکوں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک،ا یک سے برابر ہوگئی ہے، چوتھا ٹیسٹ دو اکتوبر سے اوول میں شروع ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے 151 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔