fbpx

ٹک ٹاک پر پابندی کی مخالفت کرنے والی شوبز شخصیات

Showbiz Personalities

Showbiz Personalities

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) مقبول ترین ویڈیو شیئررنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ پر پاکستان بھر میں پابندی عائد کئے جانے کے خلاف مختلف شوبز فنکاروں نے ردعمل کا اظہار کیا۔

حال ہی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک بھر میں ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ پر نامناسب مواد شیئر کئے جانے کی وجہ سے مکمل پابندی عائد کردی ہے جس پر بہت سے لوگوں نے اس فیصلے کی حمایت کی تو کچھ فنکاروں کو یہ بات پسند نہ آئی۔

اداکار منیب بٹ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک پر پابند عائد کردی گئی ہے، لوگوں کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں تھیں، ٹک ٹاک اسٹار کے لئے مجھے افسوس ہو رہا ہے۔

معروف میزبان اقرار الحسن نے اپنی ٹوئٹ میں پابندی پرعدم تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا نہ تو ٹِک ٹاک پر کوئی اکاؤنٹ تھا اور نہ مستقبل قریب میں ایسا کوئی ارادہ ہے لیکن اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ کسی بھی چیز پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، کسی بھی پلیٹ فارم پر موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہئیے نہ کہ مکمل طور پر اسے بند کر دیا جائے۔

ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے اپنی ٹوئٹ میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ آپ چارسدہ میں معصوم زینب کو ریپ کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو بھول جائیں، موٹروے کے افسوس ناک واقعے کے ریپسٹ کو بھی بھول جائیں، مروہ کے قاتل کو بھول جائیں ایسا کریں سب بھول جائیں۔ لیکن بس آپ ڈراموں ، اشتہار اور ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردیں کیوں کہ یہی ہماری معاشرے کا سب سے بڑا مسٔلہ ہے۔

حریم شاہ نے بھی ٹک ٹاک پر پابندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی چیز پر پابندی لگانا مسئلے کا حل نہیں ہوتا۔