ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سروے میں پولیس اور عدلیہ سب سے زیادہ کرپٹ ترین قرار

Police

Police

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی عوام کے خیال میں ملک میں سب سے زیادہ کرپشن پولیس میں ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ملک بھر میں کرپشن perception سروے 2021 جا ری کردیا جس میں ملک میں کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری کی بڑی وجوہات کے بارے میں پاکستانی عوام کی رائے طلب کی گئی تھی۔

سروے میں عوام کی رائے میں بتایا گیا کہ کمزور احتساب ، طاقتور طبقے کی ہوس اور کم تنخواہیں کرپشن کی سب سے بڑی وجوہات ہیں جب کہ حکومتی نااہلی ، کرپشن ، سیاست دانوں کی کار سرکار میں مداخلت اور پالیسیوں پر عدم عمل کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

سروے میں پاکستانی عوام نے پولیس کو ملک کاسب سے کرپٹ ترین ادارہ قراردیا جب کہ عدلیہ کو کرپشن میں دوسرے نمبر پر جگہ دی۔

سروےکے مطابق، 92.9 فیصد پاکستانیوں کی رائے میں سب سے زیادہ مہنگائی تحریک انصاف کے دور میں ہوئی، 85 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ پچھلے 3 سال میں ان کی آمدنی میں کمی آئی اور وہ موجودہ حکومت کی خود احتسابی سے بھی مطمئن نہیں۔

66.8 فیصد عوام کا خیال ہے کہ احتساب کا عمل جانبدار انہ ہے جب کہ 50فیصد لوگوں کے خیال میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے کی وجہ حکومت کی نااہلی ہے۔

23.3 فیصد کہتے ہیں کہ مہنگائی اور بے روز گاری میں اضافے کی اصل وجہ کرپشن ہے، 9.6 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ سیاستدانوں کی کار سرکار میں مداخلت مہنگائی اور بے روز گاری میں اضافے کی اصل وجہ ہے۔

16.6فیصد شہریوں کی رائے ہے کہ پالیسیوں پرعمل نہ ہونے کی وجہ مہنگائی اورکرپشن ہے، 51.9 لوگوں کا کہنا ہےکہ کرپشن کی اہم وجہ کمزوراحتساب ہے،29.3 فیصد لوگوں کی رائے ہے کہ طاقتور طبقے کی ہوس کی وجہ سےکرپشن ہے جب کہ 18.8 فیصد لوگوں نے کرپشن کی اہم وجہ کم اجرت کو قرادیا۔