ٹرمپ کا دورہ بھارت؛ مسلم مخالف بل پر احتجاج کرنیوالوں پر پولیس کا انسانیت سوز تشدد

Protest

Protest

نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران نئی دہلی میں پولیس نے شہریت کے متنازع قانون کےخلاف دھرنےپر بیٹھے پرُامن مظاہرین پر دھاوا بول دیا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے شہریت کے متنازع قانون کے خلاف دھرنے پر بیٹھے پرُامن مظاہرین پر دھاوا بول دیا، دہلی کے جعفرآباد اور گوکل پوری کے علاقے میدان جنگ بنے رہے۔

پولیس اہلکاراور بی جے پی کے غنڈے مل کرمظاہرین پرٹوٹ پڑے، انتہا پسندوں نے مظاہرین کو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کو آگ لگادی، املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔ بی جے پی رہنما نےگزشتہ روز مظاہرین کو تین دن میں دھرناختم کرنےکی دھمکی دی تھی۔

واضح رہے کہ مودی حکومت کی جانب سے بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے منظور ہونے کے بعد سے ملک گیر مظاہرے ہورہے ہیں جسے بھارتی پولیس سختی سے کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

بھارتی پولیس کی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ اور تشدد سے درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے۔