ترکی کے تعمیر کردہ مکانات نے ترکی۔البانیہ دوستی اور بھی مضبوط کر دی ہے: ایردوان

Tayyip Erdogan

Tayyip Erdogan

البانیہ (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان البانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔

البانیہ میں اپنی مصروفیات کے دوران انہوں نے وزیر اعظم ایڈی راما کے ہمراہ لاچ شہر میں 2019 کے زلزلہ زدگان کے لئے ترکی کی طرف سے تعمیر کئے گئے رہائشی مکانات کو مالکان کے حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ زلزلے کی خبر ملتے ہی ہم علاقے کے عوام کی مدد کے لئے کمر بستہ ہو گئے۔ ہم نے صحت سے متعلقہ تمام ضروری سامان البانیہ بھیجا اور وزیر اعظم راما کے ساتھ مستقل رابطے میں رہ کر حالات سے باخبر رہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری اور خاص طور پر اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے البانیہ کی مدد کے لئے ہم نے بذات خود کوششیں کیں۔ زلزلے کے بعد علاقے میں سب سے پہلے ترکی کا مدد کے لئے ہاتھ بڑھانا ہمارے مضبوط باہمی تعلق کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے محکمہ ہاوسنگ اسکیم TOKI کا کُل 522 اپارٹمنٹوں پر مشتمل اور تقریباً 42 ملین یورو مالیت کا منصوبہ تکمیل کے بعد آج مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ان مکانات کے افتتاح سے ہم، ترکی۔البانیہ دوستی کو اور بھی معتبر کر رہے ہیں۔ میں زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کے لئے مغفرت اور ان کے کنبوں کے لئے صبرِ جمیل کا طلبگار ہوں۔ اللہ ہمیں ایسی آفات سے بچائے۔ ہمارے تعمیر کردہ مکانات کی بدولت علاقے کی 522 زلزلہ زدگان کنبے سکون و اطمینان کی زندگی گزار سکیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ماہِ اپریل میں 68 دنوں میں تعمیر کیا گیا ہسپتال بھی ہمارے باہمی اتحاد و تعاون کی مثالوں میں سے ایک ہے۔ ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں ہم نے ویڈیو کانفرنس شرکت کی اور اس کا نام ترکی۔البانیہ دوستی ہسپتال رکھا ہے۔