ترکی کی فوجی کارروائی شام کی خود مختاری پر حملہ ہے: سعودی عرب

Saudi Foreign Ministry

Saudi Foreign Ministry

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب نے شام میں ترکی کی جاری فوجی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شام میں نہتے اور بے گناہ شہریوں پر بمباری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ مملکت شمال مشرقی شام میں ترک فوج کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شام میں ترکی کی فوجی مداخلت عرب ملک کی وحدت ، آزادی اور خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘ایس پی اے’ کے مطابق وزارت خارجہ کے ذرائع نےشام میں ترکی کی فوجی جارحیت کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب نے برادر ملک شام کے عوام کے تحفظ اور شام کے استحکام ، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کے بہانوں سے قطع نظر شمال مشرقی شام پر اس کی جارحیت خطے کی سلامتی اور استحکام پر منفی اثرات مرتب کرے گی۔ اس جارحیت کے نتیجے میں خطے میں دولت اسلامیہ’داعش’ کے خلاف جاری آپریشن متاثر ہوگا۔

ادھر عالمی سطح پر بھی ترکی کی شام میں فوجی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔

شام میں ترکی کی جارحیت کے بعد سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کونسل کا ہنگامی اجلاس آج جمعرات کو ہوگا۔