متحدہ عرب امارات کی کابینہ اور وفاقی حکومت کے ڈھانچے کی تشکیلِ نو کا اعلان

Sheikh Muhammad bin Zayed

Sheikh Muhammad bin Zayed

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے اگلے 50 سال کے لیے وفاقی حکومت کے نئے ڈھانچے کا اعلان کیا ہے اور نئی کابینہ میں شیخ مکتوم بن محمد کونیا نائب وزیراعظم اور وزیرخزانہ مقرر کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ٹویٹر پر نئی کابینہ کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے:’’بھائیو اور بہنو!میں اپنے بھائی عزت مآب شیخ محمد بن زاید سے مشاورت اور اپنے بھائی عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید (صدر یو اے ای) کی منظوری کے بعد یواے ای کے نئے حکومتی ڈھانچے کا اعلان کر رہا ہوں۔ان صاحبان نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہماری کامیابیوں کو محفوظ رکھنے اور قومی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔‘‘

حاکم دبئی نے متعدد ٹویٹس میں نئی حکومت سے متعلق تفصیل جاری کی ہے۔انھوں نے کہا کہ’’ہمارا مقصد تیزرفتار فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کے ساتھ ایک ایسی حکومت تشکیل دینا ہےجوتازہ پیش رفت کے ساتھ ہم آہنگ ہو،مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور اپنی تاریخ کے اس نئے دور سے نمٹنے کی صلاحیت کی حامل ہو اور یہ ایک ایسی لچکدارحکومت ہونی چاہیے جس کا مقصد قوم کی کامیابیوں کوجاری رکھنا ہے۔‘‘

وہ مزید لکھتے ہیں:’’آج ہم وزارتوں اوراتھارٹیوں کے انضمام، حکام کے اختیارات اورذمے داریوں کو دوبارہ مختص کرنے اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کی تشکیلِ نو کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم سرکاری خدمات کے 50 فی صد مراکز بند کر رہے ہیں اورانھیں دو سال کے اندر ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں تبدیل کر رہے ہیں، 50 فی صد وفاقی حکام کو دیگر حکام یا وزارتوں میں ضم کر رہے ہیں اور نئے وزرائے مملکت اورمختلف شعبوں کے ماہرچیف ایگزیکٹو افسروں کا تقرر کر رہے ہیں۔‘‘