یو اے ای : کرونا وائرس کے 37 ہزار ٹیسٹ، 528 نئے کیسوں کی تصدیق

Coronavirus Test

Coronavirus Test

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 37 ہزار نئے ٹیسٹ کیے ہیں اور ان کے بعد 528 نئے مثبت کیسوں کی تصدیق کی ہے۔امارات میں اب کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 39904 ہوگئی ہے۔

امارات کی وزارت صحت نے منگل کے روز کووِڈ-19 کے دو مریضوں کی وفات کی بھی اطلاع دی ہے۔اس طرح اب اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 283 ہوگئی ہے۔

یو اے ای میں کرونا وائرس کے مذکورہ تصدیق شدہ کیسوں میں سے 22740 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اماراتی حکومت نے سوموار کو کرونا وائرس کی پابندیوں کے سبب اقامتی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب تمام افراد کو اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کی اجازت دے دی تھی اور ان پر عاید جرمانے معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔18 مئی سے 18 اگست تک زاید المیعاد قیام کرنے والے تمام افرادکے یہ جرمانے معاف کیے جارہے ہیں۔

یو اے ای کے دارالحکومت اور امارت ابو ظبی نے گذشتہ روز شہریوں اور مکینوں کے دخول اور خروج پر عاید کردہ پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔ دارالحکومت اور امارت ابوظبی میں شامل شہروں کے درمیان کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے افراد کی نقل وحرکت پریکم جون کو ایک ہفتے کے لیے پابندی عاید کی گئی تھی۔ اس دوران میں شہریوں اور مکینوں کے بڑے تعداد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔