کووِڈ-19:یو اے ای میں ایک دن میں ریکارڈ 2067 کیسوں کی تشخیص

UAE Coronavirus

UAE Coronavirus

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے ریکارڈ 2067 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور پہلے سے کووِڈ-19 کا شکار مزید چار مریض چل بسے ہیں۔

یو اے ای کی وزارتِ صحت کے مطابق بدھ تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 218766 ہوگئی ہے۔ان میں سے 689 مریض وفات پاچکے ہیں۔

یو اے ای میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یومیہ ایک ہزار سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہورہی ہے۔

منگل کے روز 1967 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے تھے اور سوموار کو 1501 مریضوں کی تشخیص ہوئی تھی۔

دریں اثناء وزارت صحت نے کووِڈ-19 کے 2199 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی بھی اطلاع دی ہے اور اب تک یو اے ای میں تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد 195520 ہوگئی ہے۔

یو اے ای میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے باوجود امارت دبئی نے مریضوں کا تنہائی میں رہنے کا عرصہ مزید کم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اب کووِڈ-19 کے مریضوں اور ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کو 14 کے بجائے 10 روز تنہائی میں رہنا ہوگا۔

دبئی کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے الگ تھلگ رہنے کی مدت میں کمی کا فیصلہ حالیہ عالمی تحقیق کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اس کے مطابق زیادہ تر کیس متاثرہ مریض سے رابطے میں آنے کے 10 روز کے اندر اندر کووِڈ-19 کا شکار ہوسکتے ہیں۔