یواے ای میں کووِڈ-19 کے 3566 نئے کیسوں کی تشخیص، سات مریض وفات پا گئے

UAE Coronavirus

UAE Coronavirus

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ہفتے کے روز کروناوائرس کے3566 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ سات مریض وفات پا گئے ہیں اور4051 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

یو اے ای میں گذشتہ بدھ سے کووِڈ-19 کے ساڑھے تین ہزار سے زیادہ نئے کیس ریکارڈ کیے جارہے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 274376 ہوگئی ہے۔ان میں سے 247318 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

یو اے ای میں اس مہلک وائرس سے 783 مریض وفات پا چکے ہیں۔امارات کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کروناوائرس کے 174172 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے مذکورہ نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

امارت دبئی میں کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکام نے نئی قدغنیں عاید کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض کاروبار حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے ہیں۔

امارت نے ریستورانوں کو ہدایت کی ہے کہ اب ایک میزپر صرف سات افراد کو کھانا کھانے کے لیے بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔اس سے پہلے 10 تک افراد ایک میز پر بیٹھ سکتے تھے۔اس کے علاوہ ایک میز سے دوسری میز تک تین میٹر تک فاصلہ ہونا چاہیے۔

حکام نے دبئی میں ہوٹلوں اور ریستورانوں میں تفریحی پروگراموں کے انعقاد پر بھی جمعرات کو تاحکم ثانی پابندی عاید کردی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے برسرزمین معائنوں کے دوران میں ہوٹلوں اور ریستورانوں میں تفریح سرگرمیوں کے وقت بیسیوں خلاف ورزیاں ملاحظہ کی ہیں۔

دبئی کے میڈیا دفتر کے مطابق حکام نے 200 سے زیادہ خلاف ورزیوں پر جرمانے عاید کیے ہیں اور 20 کاروباروں کو حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیارنہ کرنے پر بند کردیا گیا ہے۔