یوکرین تنازع: امریکا کا روس پر پابندیوں کا اعلان

Joe Biden

Joe Biden

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف پابندیوں کا آغاز کر دیا جس میں ملک کو فنانسنگ سے محروم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق جو بائیڈن نے کہا کہ ہم روس کے قرضوں پر پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔ روس کی حکومت اب مغربی فنانسنگ سے منقطع ہوچکی ہے۔ ان اقدامات سے مالیاتی اداروں اور روسی ’اشرافیہ‘ کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

تاہم جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ یہ ہماری طرف سے مکمل طور پر دفاعی اقدام ہیں، ہمارا روس سے لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہم ایک غیر متزلزل پیغام دینا چاہتے ہیں کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر نیٹو کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا اور ان وعدوں کی پاسداری کرے گا جو ہم نے نیٹو کے ساتھ کیے ہیں۔

اس سے قبل امریکہ نے کہا تھا کہ روس کی طرف سے مشرقی یوکرین میں ماسکو کی حمایت یافتہ دو ریاستوں میں فوجیوں کی تعیناتی حملے کی شروعات کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کا یہ حالیہ اقدام برطانیہ کی جانب سے روسی بینکوں اور اعلیٰ مالیت کے حامل افراد پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب روس نے مغرب کی طرف سے انتقامی اقدامات کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس اس سے قبل بھی پابندیوں کا عادی رہ چکا ہے۔