اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئے

Antonio Guterres

Antonio Guterres

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے تاریخی دورے پر آئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا استقبال اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور ڈائریکٹر جنرل اقوام متحدہ فرخ اقبال نے کیا۔

پاکستان پہنچنے پر سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن کوششوں میں اقوام متحدہ کا قابل بھروسہ اور مستقل شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان کا مقصدامن کے لیے پاکستانی عوام کی خدمات پران کا شکریہ ادا کرنا ہے۔

ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن دوجیرک کے مطابق انتونیو گوتریس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، صدر مللکت عارف علوی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ سیکریٹری جنرل اسلام آباد میں عالمی افغان مہاجرین کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے جس کا مقصد پاکستان کی افغان مہاجرین کی 40 سالہ میزبانی کو اجاگر کرنا اور افغان امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سامنے لانا ہے۔

علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کل اسلام آباد میں ایک تصویری نمائش کا افتتاح کریں گے جس میں پاکستان کے اقوام متحدہ کے ساتھ 60 سالہ سفر کی تصویر کشی کی جائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ یو این سیکرٹری جنرل 18 فروری کو لاہور جائیں گے جہاں وہ انٹر فیتھ لیڈرز سے ملیں گے، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ جائیں گے ساتھ ہی وہاں اسکول کے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائیں گے اور پھر گوردوارہ کرتارپور صاحب جائیں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان سے ،تعلق عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورےکا وقت انتہائی اہم ہے، یہ دورہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنےکی علامت ہے۔