زیر جامہ میں زہر ڈال کر مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی، روسی اپوزیشن لیڈر

Alexei Niwalni

Alexei Niwalni

ماسکو (اصل میڈیا ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے سخت ترین ناقد اور جرمنی میں زیر علاج رہنے والے اپوزیشن لیڈر الیکسی نیوالنی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک کی خفیہ ایجنسیوں نے میرے زیر جامہ میں زہر اسپرے کرکے مجھے قتل کرنے کی سازش رچائی تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی نیوالنی نے خفیہ اہلکار سے گفتگو کی ریکارڈنگ پیش کی جس میں ہولناک انکشاف کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک کی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ سے خود کو سیکیورٹی کا سینیئر عہدیدار ظاہر کیا اور اعتماد بحال ہونے پر اس نے بتایا کہ میرے زیر استعمال دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ زہر انڈر ویئر میں بھی چھڑکا گیا تھا۔

دوسری جانب روس نے اپوزیشن لیڈر کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ذی ہوش ایسی بات مذاق میں بھی نہیں کرسکتا۔ الیکسی نیوالنی کو اچھے ماہر نفسیات کی اشد ضرورت ہے اسی طرح روسی سیکیورٹی سروس ایف ایس بی نے بھی ریکارڈنگ کو جعلی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
یہ خبر پڑھیں : روسی صدر کے سخت ناقد اپوزیشن لیڈر کو مبینہ طور زہر دیدیا گیا

ادھر الیکسی نیوالنی کی ترجمان کیر یارمیش نے روسی حکام کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ روسی صدر کے ترجمان سے ایسے بیانات دباؤ ڈال کر دلوائے جارہے ہیں اور ایسے بیانات کریملن کی جانب سے سچ کو دھندلا کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ 21 اگست کو روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی نیوالنی کو زہر دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ کوما میں چلے گئے اور انہیں سائبیریا سے جرمنی ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کرنا پڑا تھا جہاں وہ کئی دنوں زیر علاج رہنے کے بعد صحت یاب ہوئے تھے۔