امریکا بین الاقوامی پانیوں میں موجود ایران کے تیل بردار ٹینکر پر قبضے کا خواہاں

Iranian oil Tanker

Iranian oil Tanker

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے بین الاقوامی پانیوں میں موجود ایران کے ایک تیل بردار جہاز کو قبضے میں لینے کے لیے قانونی درخواست دائر کردی ہے۔اس کا کہنا ہے کہ یہ تیل بردار جہاز عراق کے بجائے ایران سے روانہ ہوا تھا۔

امریکی حکام نے ضلع کولمبیا میں ایرانی تیل بردار جہاز پر قبضے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔اس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایران نے تیل بردارجہاز کی شناخت چھپائی تھی۔اس نے ایک ٹینکر سے دوسرے ٹینکر میں تیل منتقل کیا اور اس کے بعد تیل کو لائبیریا کے پرچم بردار ٹینکر ایشلیاس کے ذریعے چین کی طرف بھیجا گیا تھا۔

امریکی محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایشلیاس ٹینکر کو امریکا کے دہشت گردی قانون کی رو ضبط کیا جانا چاہیے تھا۔امریکا کے وفاقی ادارہ تحقیقات (ایف بی آئی) اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی تحقیقات کے بعد ایرانی جہاز کو ضبط کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

اس ٹینکر کے یونانی آپریٹرکیپٹل شپ مینجمنٹ کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ ایشلیاس اب امریکا کی جانب جارہا ہے اور امریکی حکام سے تعاون کررہا ہے۔اس کمپنی کا ٹریڈنگ لائسنس امریکا ہی کا جاری کردہ ہے۔

ایشلیاس کی آخری وقت میں جنوبی امریکا کے ساحلی علاقے میں موجودگی کا پتا چلا تھا۔اس کی امریکا کی گلف پورٹ گالویسٹون کی بندرگاہ پر15 فروری پر آمد متوقع ہے۔دوسری جانب ایران نے اس ٹینکر کے حوالے سے ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔