امریکا کی چین اور کرونا سے متاثرہ دوسرے ممالک کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی امداد

Mike Pompeo

Mike Pompeo

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے اپنے حریف چین اور کرونا وائرس کی وباء سے متاثر ہونے والے دوسرے ملکوں کو اس بیماری سے نجات پانے میں مدد کے لیے 100 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نےایک بیان میں کہا کہ امریکا کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک بہ شمول چین کو اس سے نمٹنے میں مدد کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ نجی شعبے کی طرف سے دی جانے والی کروڑوں ڈالر کی گرانٹ کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی قوم اور قیادت کرونا جیسی مہلک وباء سے نمٹنے کے لیے پورے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

اس سے قبل جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب کی طرف سے کرونا کا مقابلہ کرنے اور تیزی سے پھیلتے ہوئے وائرس کو ختم کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ سائنس ابھی تک اس بیماری کے لیے ویکسین تیار کرنے میں‌ کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

ٹویٹر پر ٹویٹس کی ایک سیریز میں ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں‌ نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں‌ کرونا سے نمٹنے کے لیے چینی کوششوں کو سراہا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ بات بہت المناک ہے کہ چین میں سات سو سے زاید افراد اس وباء سے لقمہ اجل بن گئے ہیں تاہم ہمیں امید ہے کہ موسم بدلتے ہی یہ وباء کمزور پڑنا شروع ہوجائے گی۔