امریکی صدر نے مودی سرکار کو مسئلہ کشمیر میں ثالثی کی پیشکش کر دی

Donald Trump

Donald Trump

نئی دلی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت کے آخر دن ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت کے آخری روز پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم مودی سے ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی سمیت کئی معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے جس میں مسئلہ کشمیر کو ترجیح حاصل رہی۔

ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر بہت سے لوگوں کے لیے طویل عرصے سے بہت بڑا مسئلہ چلا آرہا ہے اور میں اس مسئلے پر ثالثی کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان اس مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہی ہے، اور یہ تو حقیقت ہے کہ ہر مسئلے یا کہانی کے 2 رخ ہوتے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی انتظامیہ سے ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ ہے۔

واضح رہے کہ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ اور بھارت کے مابین کوئی تجارتی معاہدہ نہیں ہوسکا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات استوار ہیں اور وزیر اعظم عمران خان میرے دوست ہیں اس لیے اگر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے میں کچھ کر سکتا ہوں تو ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر اس سے قبل بھی مسئلہ کشمیر کے لیے ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کیساتھ پریس کانفرنس میں بھی وہ اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔ جب کہ ایک مرتبہ بھارتی وزیر اعظم کے سامنے بھی پیشکش رکھ چکے ہیں تاہم ہٹ دھرمی پر قائم مودی سرکار نے اس پیش کش کا مثبت میں جواب نہیں دیا تھا۔