گاڑیوں سے قیمتی سامان چوری کرنے کی وارداتیں بڑھ گئیں، شہری پریشان

Crime

Crime

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) گاڑیوں سے قیمتی سامان چوری کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہونے سے شہری مشکلات سے دوچار ہو گئے۔

بلوچ کالونی ڈیفنس ویو کے رہائشی کی گاڑی سے ایک ماہ کے دوران ملزمان 2 بار قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہوگئے، دونوں واقعات کی اطلاع بلوچ کالونی پولیس کو دی گئی لیکن اس کے باوجود پولیس ملزمان کا تاحال سراغ لگانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

بلوچ کالونی ڈیفنس ویو فیز ون کے رہائشی محمد وقارعرف وکی نے بتایا کہ پیر کی صبح 5بجے کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے جس میں سے ایک ملزم نے گھرکے باہرکھڑی ہوئی انکی ویزل گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ کا شیشہ توڑنے کی کوشش کی اور ناکامی پر دوسری جانب اگلی سیٹ کا شیشہ توڑ کرگاڑی سے پینل سمیت دیگر قیمتی سامان چوری کرلیااوراپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگیا، گھر پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیج میں ملزمان کے اطمینان سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھیں پولیس کا کوئی ڈر و خوف نہیں تھا ، گاڑی سے سامان چوری کرنے والے ملزم نے ماسک لگایا ہوا تھا جبکہ اس کا ساتھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھا وہ بغیر ماسک کے تھا تاہم اس نے کیپ پہنا ہوا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 28 فروری کو بھی نامعلوم ملزمان گاڑی کے ڈرائیونگ سیٹ کا شیشہ توڑ کر پینل سمیت دیگر سامان چوری کرلیا تھا ، وقار کے مطابق گاڑی سے 2 بار قیمتی سامان چوری کے واقعات میں انھیں تقریباً 6 لاکھ سے زائد کامالی نقصان برداشت کرنا پڑا جبکہ مدد گار 15 پر اطلاع دی گئی تو انھوں نے آنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی اور کہا کہ اب تو چوری کی واردات ہوگئی ہے،اس لیے آپ بلوچ کالونی تھانے سے رابطہ کریں جس کے بعد متعلقہ تھانے میں واقعے سے پولیس کو آگاہ کر دیاگیا تاہم پولیس مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

ڈیفنس ویو فیز ون کے رہائشی وقار نے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن سے اپیل ہے کی کہ علاقے میں گاڑیوں سے قیمتی سامان کی چوری کی وارداتوں پرقابو پانے کے لیے پولیس کو موثر گشت کرنے کا پابند بنایا جائے۔