وکی کوشل کی کزن نے کترینہ کیف اور وکی کی شادی کی تردید کردی

Vicky Koshal and Katrina Kaif

Vicky Koshal and Katrina Kaif

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار وکی کوشل کی کزن اپاسنا ووہرا نے وکی اور کترینہ کیف کی شادی کی خبروں کی تردید کردی۔

پچھلے کچھ عرصے سے بالی ووڈ میں اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ بات تو یہاں تک بڑھ چکی ہے کہ بھارتی میڈیا میں دونوں کی شادی کی تاریخ اور شادی کا وینیو تک بتایا جاچکا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وکی کوشل اور کترینہ کیف اگلے ماہ 9 دسمبر کو بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں سکس سینسز باروارہ قلعہ میں شادی کریں گے۔
تاہم اب دونوں کی شادی کے حوالے سے تازہ ترین خبریں سامنے آئی ہیں جس کے مطابق وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی محض افواہوں سے زیادہ اور کچھ نہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار وکی کوشل کی کزن اپاسنا ووہرا نے دونوں کی شادی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکی اور کترینہ دسمبر میں شادی نہیں کررہے۔ اگر ایسا کچھ ہوا تو دونوں خود اس بات کا اعلان کریں گے۔

وکی کوشل کی کزن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا بالی ووڈ میں اکثر اس طرح کی افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں اور بعد میں پتہ چلتا ہے کہ بات کچھ اور تھی۔ یہ محض وقتی افواہیں ہیں۔ میں نے اپنے بھائی وکی کوشل سے بات کی ہے ایسا کچھ نہیں ہے۔ میں اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنا نہیں چاہتی لیکن اس وقت کوئی شادی نہیں ہورہی۔