پی کے 63 میں ووٹ چوری کے ثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیے، پرویز خٹک

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر دفاع پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی 6 ہزار ووٹوں کی چوری پکڑی گئی ہے۔

نوشہرہ میں کارکنوں سے خطاب میں پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ پی کے 63 کا الیکشن مسلم لیگ ن کے امیدوارنے جیتا نہیں بلکہ چوری کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پی کے 63 کے ضمنی انتخاب میں 6 ہزار ووٹوں کی چوری پکڑی گئی ہے، تمام ثبوت اور شواہد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروادیے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ پی کے63 کے الیکشن میں ہونے والی چوری کے پیچھے پڑ چکا ہوں اور میں جس چیز کے پیچھے پڑ جاتا ہوں اس کو منطقی انجام تک پہنچا تا ہوں۔

پرویز خٹک نے الزام عائد کیا کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کیلئے تجوریاں کھول دی ہیں جبکہ وزیراعظم نے اپوزیشن کا اصل چہرہ قوم کو دیکھا دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے اختیار ولی کامیاب ہوئے تھے اور تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست دی تھی۔