وسیم خان کا مستعفی ہونے کے بعد پہلا بیان سامنے آ گیا

Wasim Khan

Wasim Khan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناہے بطوربرٹش پاکستانی اور سابق کرکٹر 3 سال قبل پاکستان آنے کا فیصلہ کیا،میرا مقصد 22 کروڑ کرکٹ کی دیوانی قوم کیلئے کھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا تھا۔

مستعفی ہونے کے بعد پہلا بیان جاری کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد 22کروڑ کرکٹ کی دیوانی قوم کیلئےکھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا تھا لیکن بد قسمتی سے پاکستان کرکٹ کے ساتھ میرا سفر ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی،کرائسز سے نمٹنےکیلئےراتوں کو جاگ کر کام کیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایماندارانہ طور پر فیصلے کرنے کی کوشش کی۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میری روح میں گھل مل گئی ہے اور پاکستانی فینز کی محبت اور سپورٹ کے علاوہ میں کچھ مس نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے میں نے پاکستانی عوام کی خدمت کی ، پاکستان لوگوں سے پیار کرنے والا ملک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند ہفتوں بعد میں لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوجاؤں گا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل وسیم خان نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو استعفیٰ پیش کیا تھا۔