پانی کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا

Nisar Khoro

Nisar Khoro

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پانی کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔

سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ہوشربا مہنگائی کے بعد اب سندھ کو پانی کی کمی کا تحفہ بھی دیاجارہا ہے جس کیلئے پورا سندھ سراپا احتجاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی اس صورت حال پر کسی صورت خاموش نہیں رہے گی، ہم ارسا کو سندھ کے حصے کا پانی چوری نہیں کرنے دیں گے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق سندھ کو اس کا پانی دیا جائے، ٹھٹھہ میں پانی کی کمی کے باعث لوگ فصلیں نہیں اگاسکتے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ میں پانی کے معاملے پر احتجاج کریں گے، 3 جون کو لاڑکانہ کے اضلاع میں احتجاج کیا جائے گا جبکہ 5 جون کو ٹھٹھہ اور بدین میں مظاہرے ہوں گے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ 9 جون کو سکھر اور 15 جون کو کراچی میں احتجاج کیاجائے گا۔

ان کا کہناتھا کہ ہماری بات کو سنا نہیں جاتا، الٹا ہماری بے عزتی کی جاتی ہے، پانی کم ہے تو سب کا پانی کم ہونا چاہیے، صرف سندھ کا پانی کم کیوں ہے؟

دوسری جانب سندھ کے وزیر آبپاشی سہیل انور سیال نے بیراج کے معائنے کی پیشکش کی اور کہا کہ وزیر اعظم معلومات لےکر بات کیا کریں۔

خیال رہے کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر پانی چوری کا الزام عائد کیا جارہا ہے جبکہ دونوں صوبوں کے درمیان اس حوالے سے گرما گرمی بھی جاری ہے۔