واٹس ایپ جلد ہی وائس پیغامات کے لیے نہایت کارآمد فیچر متعارف کرائے گا

WhatsApp

WhatsApp

سلیکان و یلی: واٹس ایپ اپنے صوتی پیغامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اور کارآمد فیچر پر کام کر رہا ہے جو کہ اگلی اپ ڈیٹ میں استمال کنندگان کے لیے دست یاب ہوگا۔

واٹس ایپ میں آنے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائیٹ وے بی ٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ اینڈروئیڈ اورایپل کے لیے وائس نوٹ کے فیچر کو پہلے سے زیادہ بہتر اور مفید بنانے پر کام کر رہا ہے اورواٹس ایپ اپنے استعمال کنندگان کے لیے اس ایپلی کیشن میں بہت سی تبدیلیاں کررہا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق واٹس ایپ صوتی پیغامات کو ریکارڈ کرتے وقت پاؤس( مختصر وقفہ دینے ) کے آ پشن پر کام کر رہا ہے۔

یہ فیچر واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ میں اینڈروئیڈ اور ایپل دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے لیے دستیاب ہوگا۔ وے بی ٹا انفو کے مطابق یہ ایک بہت کارآمد فیچر ہے کیوں کہ اس فیچر کی بدولت آپ کو پیغام ریکارڈ کرتے وقت اسے روک کر نیا پیغام ریکارڈ نہیں کروانا پڑے گا۔

وے بی ٹا انفو کی جانب سے اس فیچر پر جاری ہونے والی ڈیمو ویڈیو کے مطابق صوتی پیغام کی ریکارڈ نگ روکنے کے بعد آپ کو ایک اور ریکارڈ بٹن نظر آئے گا، جب اس پر ٹیپ کریں گے تو آپ کے صوتی پیغام کی ریکارڈنگ اسی جگہ سے شروع ہوجائے گی جہاں سے آپ نے اسے روکا تھا۔

اس وقت یہ فیچر آئی او ایس کے لیے ڈیولپمنٹ کے مراحل میں ہے اور جلد ہی یہ اینڈروئیڈ کے لیے بھی دست یاب ہو گا۔