ورلڈکپ 2019: بھارت نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

India Sri vs Lanka

India Sri vs Lanka

لارڈز (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے 44 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بھارت نے روہت شرما اور کے ایل راہول کی شاندار سنچریوں کی بدولت 265 رنز کا ہدف 44 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا اور 17 کے مجموعے پر کرونا رتنے 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی دوسری وکٹ 40 رنز پر گری جب کوشال پریرا 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اویشکا فرنینڈو 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیون مینڈس بھی صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

چار وکٹیں 55 رنز پر گرنے کے بعد اینجلو میتھیوز اور لہیرو تھریمانے نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 124 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

اینجلو میتھیوز نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ لہیرو تھریمانے نے بھی 53 رنز اسکور کیے۔ دھننجیا ڈی سلوا نے بھی 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بھمرا نے 3 جب کہ ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، کلدیپ یادیو اور بھونیشور کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آئی لینڈرز کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں کے ایل راہول اور روہت شرما نے بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 189 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

روہت شرما 31 ویں اوور میں 94 گیندوں پر 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں دو چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔

یہ روہت شرما کی رواں ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر پانچویں سنچری ہے جو کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے اس نوعیت کا منفرد اعزاز ہے۔

کے ایل راہول نے بھی 111 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت نے مقررہ ہدف 44 ویں اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد بھارت آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گیا ہے جب کہ آسٹریلیا 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کیخلاف اپنا میچ جیت لیا تو وہ دوبارہ پہلی پوزیشن پر آجائے گا۔