ورلڈکپ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

Sri Lanka vs West Indies

Sri Lanka vs West Indies

چیسٹرلی اسٹریٹ (جیوڈیسک) ورلڈ کپ کے 39ویں میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی۔ کرکٹ ورلڈکپ میں چیسٹرلی اسٹریٹ گراؤنڈ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 338 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل ایمبرس اور کرس گیل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سنیل تیسرے ہی اوور میں لیستھ ملنگا کا شکار بن گئے وہ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شائے ہوپ بھی 5 رنز پر ہی ملنگا کا شکار بنے۔

شیمرون ہیٹمیر 29 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے اور کرس گیل بھی اپنی اننگز کو 35 رنز سے آگے نہ بڑھاسکے، کپتان جیسن ہولڈر کی اننگز بھی 26 رنز تک محدود رہی، کارلوس بریتھ ویٹ 8 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ نکولس پورن نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی جب کہ فابیان ایلن نے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی لیکن بدقسمتی سے وہ 51 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 3، جیفری وینڈرسی اور کسن رجیتا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے، سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتھنے اور کوشل پریرا نے کیا، دونوں اوپنرز نے 93 رنز کی شراکت قائم کی تاہم کرونارتھنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، کوشل پریرا نے 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن وہ رن آؤٹ ہوگئے۔

اویشکا فرنانڈو نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرنے کے بعد 104 رنز پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کوشال مینڈس 39 اور سابق کپتان اینجلا میتھیوس 26 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔ تھریمانے نے بھی 45 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 2، اوشانے تھومس، شیلڈن کوٹریل، فابیان ایلن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔