دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں

Kashmir Protest

Kashmir Protest

کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔

حریت رہنماؤں کی اپیل پر دنیا بھر میں کشمیری نام نہاد بھارتی یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، جس کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیر پر بھارت کے مسلسل قبضے اور کشمیریوں کو گزشتہ 73 سال سے حق خودارادیت سے محروم رکھے جانے کی طرف مبذول کرانا ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں کشمیریوں کی جانب سے بھارت کے خلاف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں یوم جمہوریہ منانے کا حق نہیں رکھتا، بھارت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے، قابض بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلیے کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ اس سال کشمیری ایک ایسے موقع پر یوم سیاہ منا رہے ہیں جب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کیے جانے والے لاک ڈاون کو 175 روز ہو چکے ہیں۔ بھارت کے یومِ جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا ہے، جگہ جگہ بھارتی فوجی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔