دنیا کا سب سے بڑا میڈل؛ اماراتی اسکول نے عالمی ریکارڈ بنا دیا

World Largest Medal

World Largest Medal

متحدہ عرب امارات: ابوظہبی کے ایک اسکول نے متحدہ عرب امارات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ پر دنیا کا سب سے بڑا میڈل بنا کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، جس کی تصدیق گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی کردی ہے۔

خبروں کے مطابق، اس میڈل کا وزن 4,850 پاؤنڈ ہے جبکہ اس کا رقبہ 63.93 مربع فٹ ہے؛ یعنی یہ تقریباً 9 فٹ چوڑا ہے۔

اسے ابوظہبی کے انٹرنیشنل انڈین اسکول کے طالب علموں اور اساتذہ نے مل کر تیار کیا ہے۔

اس سے پہلے بھی دنیا کے سب سے بڑے میڈل کا ریکارڈ متحدہ عرب امارات ہی کے ڈاکٹر عبید الکتبی نے مارچ 2021 میں قائم کیا تھا۔ یہ میڈل 151 پاؤنڈ وزنی اور 27.6 مربع فٹ رقبے کا حامل تھا۔

سب سے بڑے میڈل کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والا میڈل اس کے مقابلے میں بھی تین گنا بڑا اور لگ بھگ 35 گنا وزنی ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کی شرط کے مطابق، ان دونوں میڈلز پر سونے کی پتری چڑھائی گئی ہے۔

انٹرنیشنل انڈین اسکول کے میڈل پر ابوظہبی کا نام اور مشہور مقامات کے عکس بھی نقش ہیں؛ بالکل اسی طرح جیسے کسی دوسرے طلائی میڈل پر نقش ہوتے ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے اس میڈل کا معائنہ کرنے کے بعد تصدیق کی کہ اسے تیار کرنے میں تمام ضروری شرائط پوری کی گئی ہیں؛ جس کے بعد ایک مختصر سی تقریب میں اسکول کے اساتذہ اور طالب علموں کو مشترکہ طور پر اس میڈل کےلیے سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔