یمن سے حوثیوں کا سعودی عرب پر ڈرون حملہ ناکام

Turkish Al-Maliki

Turkish Al-Maliki

یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے قائم عرب عسکری اتحاد نے آج جمعرات کی صبح یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب پر ایک بمبار ڈرون کے ذریعے حملے کی سازش ناکام بنا دی۔

عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے جنوبی شہر جازان میں شہری آبادی پر ڈرون طیارے سے حملے کی کوشش کی تھی تاہم عرب اتحاد نے بر وقت کارروائی کرکے ڈرون کو مار گرایا۔

عرب اتحاد نے حوثیوں کی طرف سے کیے گئے ڈرون حملے کو شہری آبادی اور جازان کی سرکردہ شخصیات کو نقصان پہنچانے کی دانستہ اور مجرمانہ کوشش قرار دیا۔

عرب عسکری اتحاد کا کہنا تھا کہ وہ یمن کی آئینی حکومت کے دفاع اور شہریوں‌ کی جانوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین کے مطابق اقدامات کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ عرب اتحاد کی طرف سے حوثی ملیشیا کے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون طیاروں اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے ناکام بنائے ہیں۔

ادھر یمن کے اخباری ذرائع کے مطابق عرب اتحادی فوج نے مارب گورنری میں حوثیوں کے ایک حساس مرکز پر بمباری کرکے وہاں پر چھپائے گئے اسلحہ ، میزائلوں اور گولہ بارود کی بڑی مقدار کو تباہ کردیا گیا ہے۔