یمنی فوج نے الحدیدہ میں حوثی باغیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

Drone

Drone

الحدیدہ (اصل میڈیا ڈیسک) یمن کی آئینی فوج نے حوثی ملیشیا کا ایک بغیر پائلٹ ڈرون طیارہ جنوبی الحدیدہ میں الدریھمی شہر میں دوران پرواز مار گرایا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمن کے مغربی ساحلی علاقے میں تعینات جوائنٹ فورسز نے بدھ کے روز ایک بیان میں بتایا کہ فورسز نے مناسب ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا ایک جنگی ڈرون مار گرایا۔

یمن کی جوائنٹ فورسز حوثی باغیوں کے ڈرون طیاروں کو مار گرانے کی مہم کامیابی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔

حوثیوں کی طرف سے ڈرون طیاروں کے ذریعے حملے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دوسری طرف اقوام متحدہ کی زیرنگرانی یمن میں قیام امن اور جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔ حوثی ملیشیا اقوام متحدہ کی طرف سے اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہی ہے۔

کئی محاذوں پر شکست سے دوچار حوثی باغیوں نے ایران سے حاصل کردہ بمبار ڈرون طیاروں کو ایک جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کرنا شروع کر رکھا ہے۔