آفت ٹوٹی نہ قیامت آئی، مایا تہذیب کی پیش گوئی غلط، لوگوں کا جشن

Maya civilization

Maya civilization

مایا کیلنڈر کی پیش گوئی غلط ثابت ہوئی اور زمین پر کوئی آفت ٹوٹی نہ قیامت آئی، پیشن گوئی غلط ثابت ہو گئی۔

جنوبی امریکا کے قدیم مایا لوگوں نے شام چار بجے دنیا تباہ ہونے کی پیش گوئی کر رکھی تھی۔ دنیا بھر میں لوگ اس پیش گوئی کو لے کر تجسس اور خوف میں مبتلا رہے۔ بعض لوگوں کے خیال میں آج زمین پر ناگہانی آفت آنے کا امکان تھا مگر کچھ بھی نہ ہوا۔

کرہ ارض پر زلزلے، آتش فشاں پھٹنے اور زمین سے شہاب ٹکرانے کے امکانات بھی حقیقت کا روپ نہ دھار سکے۔ قیامت سے بچنے کے لئے دنیا بھر میں اوہام پرست لوگوں نے مذہبی رسومات ادا کیں اور محفوظ مقامات کا رخ کیا۔ تعلیم یافتہ لوگوں کی اکثریت اس پیش گوئی کو سنجیدگی کے بجائے دلچسپ انداز میں لے کرلطف اندوز ہوتی رہی۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ دنیا کو کسی قسم کا کوئی خدشہ درپیش نہیں۔

سائنسدانوں کی تسلی کے باوجود دنیا بھر میں بہت سے لوگ آج شام چار بجے تک خوف میں مبتلا رہے۔ یہ وقت آیا اور گزر گیا جبکہ دنیا پہلے کی طرح سلامت رہی۔ دوسری جانب مایا تہذیب کے کھنڈرات میں نئے سال کا جشن جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر لوگوں نے قدیم لباس پہن کر روایتی ساز بجائے اور ناچتے گاتے رہے۔ مایا کیلنڈر کا نیا سال شروع ہونے پر سب سیدلچسپ تقریب گوئٹے مالا میں ہوئی۔

ساڑھے تین ہزار سال پرانے کھنڈرات میں ہونے والی اس تقریب میں قدیم مذہبی اور ثقافتی رنگ نمایاں تھا۔ پرانے مندر میں ہونے والی اس تقریب میں پرانے ساز بجا کر نئے سال کا استقبال کیا گیا۔ تقریب کے شرکا نے قدیم قبائلی لباس پہن رکھے تھے اور ہاتھوں میں مشعلیں تھامی تھیں۔ اس موقع پر مرد و خواتین نے قبائلی گیت گائے اور رقص کا مظاہرہ کیا۔