اسلام آباد : حنا ربانی کھر کی امریکی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقاتیں

Hina Rabbani

Hina Rabbani

اسلام آباد : وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے پاک امریکا تعلقات کی معمول پر بحالی ناگزیر ہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر سے ملاقات میں حنا ربانی کھر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اپنی بساط بھر کردار ادا کررہا ہے۔ ان حالات میں پاکستان کی مدد کم کرنے کے بجائے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی سفیر سے ملاقات میں امریکی سفارتکاروں کی آزادانہ نقل و حرکت سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں برطانوی ہائی کمشنرایڈم تھامسن نے وزیرخارجہ حناربانی کھر سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور دوطرفہ ملکی تعلقات اورخطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونیوالے اسٹریٹجک ڈائیلاگ سے مختلف سطح پرمتوازن لائحہ عمل اختیارکرنے میں مدد ملی ہے۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سلامتی کی امور پر مزاکرات سے ایک دوسرے کی پوزیشن اورخطے کی صورتحال سمجھنے میں مددملی ہے۔ حنا ربانی کھر نے احباب پاکستان فورم پربرطانیہ کی جانب سے اعانت اوریورپی یونین کی مارکیٹس تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کیلئے معاونت کوسراہا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے برطانیہ میں ہونیوالے حالیہ فسادات اورحکومت برطانیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے وزیرخارجہ کوآگاہ کیا۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر نے کہا کہ فسادات کے دوران برمنگھم میں جاں بحق ہونیوالے تین نوجوانوں کے اہل خانہ کی جانب سے جس تدبر کا مظاہرہ کیاگیا وہ قابل تعریف ہے۔