پاکستانی حکام نے افغانستان جانیوالے مزدوروں پر بلا جواز تشدد کے خلاف پاک افغان طورخم بارڈر کو بطور احتجاج کئی گھنٹے بند رکھا۔ افغانستان مزدوری کی غرض سے جانیوالے 29 مزدوروں کو افغان نیشنل آرمی کے اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا ور انکے پاسپورٹ پھاڑ ڈالے۔
تشدد کا شکار یہ افرد اپنی شکایت لے کر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے پاس پہنچے جسکے بعد بطور احتجاج طورخم بارڈر کو بند کر دیا گیا۔ تشدد کا نشانہ بننے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ہے۔
طورخم بارڈر کی بندش کے بعد سرحد کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ 7 گھنٹے بند رہنے کے بعد افغان حکام کی جانب سے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کے بعد سرحد کو کھول دیا گیا۔