امریکا میں صدارتی انتخابات آج ہوں گے

America Election 2012

America Election 2012

امریکا (جیوڈیسک) امریکا میں صدارتی انتخابات آج ہوں گے لیکن دونوں امیدوار اب بھی اپنا بھرپور زور لگا رہے ہیں۔ ووٹنگ کے باقاعدہ آغاز سے چند گھنٹے قبل بھی دونوں امیدوار امریکہ کی مختلف ریاستوں کے طوفانی دورے کر رہے ہیں۔امریکا میں صدارتی انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور انتخاب سے چند گھنٹے قبل صدر براک اوباما اور مٹ رومنی ووٹرروں کا دل جیتنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اوباما اور رومنی دونوں ہی پولنگ سے ایک روز قبل ایسی آٹھ ریاستوں کے 14 مقامات کا دورہ کر رہے ہیں جنہیں فیصلہ کن قرار دیا جارہا ہے۔

ان ریاستوں میں اوہایو سرِ فہرست ہے جہاں دونوں امیدواروں نے پولنگ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ اوہایو میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ عوام کو ووٹنگ کے وقت دو جماعتوں میں نہیں بلکہ امریکا کے بارے میں دو مختلف نظریات کے بارے میں فیصلہ کرنا ہے۔ صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے بھی اوہایو اور پنسلووانیا میں ہزار حامیوں کے جلسے سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں ان کہنا تھا کہ درست قیادت کے سائے تلے امریکا ایک بار پھر عروج کی جانب جائے گا۔ دونوں صدارتی امیدوار انتخابی مہم کی سرگرمیوں کے دوران میں اپنے حامیوں کو جوش دلانے کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ غیر جانبدار خواتین ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لئے بھی دونوں امیدواروں کی سرتوڑ کوشش جاری ہے۔ امریکہ کی 34 ریاستوں میں دو کروڑ 90 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حق کا استعمال کر چکے ہیں لیکن ان کی گنتی منگل کو ہوگی۔