امریکا کی افغانستان میں امن کوششیں، گراسمین کابل پہنچ گئے

marc grossman

marc grossman

پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی مارک گراسمین کابل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ طالبان سے ابتدائی امن مذاکرات کیلئے صدر حامد کرزئی سے بات چیت کریں گے۔
افغانستان آمد کے موقع پر اپنے بیان میں مارک گراسمین نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرکردگی میں جاری مصالحتی عمل میں ہر طرح کی مدد کیلئے امریکا تیار ہے۔ امریکا اس تنازعے کا پرامن حل چاہتا ہے۔ ان کے مطابق وہ افغان صدر سے ملاقات میں مصالحتی کوششوں کے آئندہ اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس سے قبل طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ افغان جنگ کے خاتمے کیلئے واشنگٹن سے مذاکرات سے قبل قطر میں سیاسی دفتر قائم کرنے جارہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق صدر حامد کرزئی کو خدشہ ہے کہ طالبان کیساتھ قطر میں مذاکرات میں انہیں شامل نہیں کیا جائے گا۔ گراسمین کا دورہ یہ تاثر ختم کرنے کی کوشش سمجھی جارہی ہے۔