انور سولنگی

 

Anwar Solangi

Anwar Solangi

پاکستان ٹی وی اور ریڈیو کے نامور اداکار انور سولنگی نواب شاہ سندھ میں پیدا ہوئے۔ انور سولنگی نے ٹی وی اور ریڈیو پر پانچ سو کے قریب ڈراموں میں کام کیا جن میں سندھی اور اردو ڈرامے شامل ہیں۔

انور سولنگی نے اپنے کیریئر کی ابتدا انیس سو ستر میں ریڈیو پاکستان سے کی تاہم ان کی پہچان انیس سو چوہتر کے بعد پاکستان ٹیلیویژن بنا جس کے مختلف ڈراموں میں ان کی اداکاری کو مقبولیت حاصل ہوئی۔

وہ پاکستان کے ان گنے چنے سینیئر اداکاروں میں سے ایک تھے جنہیں اپنے کردار میں ڈھل جانے کی صلاحیت حاصل تھی۔ انہوں نے ٹی وی اور ریڈیو پر پانچ سو کے قریب ڈراموں میں کام کیا جن میں سندھی اور اردو ڈرامے شامل ہیں۔ انور سولنگی کے مقبول ڈراموں میں رانی کی کہانی، چھوٹی سی دنیا، دیواریں، جنگل، ہوائیں اور ماروی شامل ہیں۔

یہ بات کم لوگ جانتے ہیں کہ سولنگی اداکار کے علاوہ کہانی کار اور شاعر بھی تھے اور چند ماہ قبل ہی ان کی شاعری اور کہانیوں کا مجموعہ زہر بھرے پیالے شائع ہوا تھا۔ گردوں کی تکلیف کی وجہ سے پچاس برس کی عمر میں 3 اپریل 2008 کو انتقال کر گئے۔