ایساف کمانڈر جان ایلن آج پاکستان کا دورہ کریں گے

john allen

john allen

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) ایساف کے کمانڈر جنرل جان ایلن آج پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے اہم ملاقات کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ایساف کمانڈر کی آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات اہم نوعیت کی ہوگی۔ ملاقات میں پاکستان اور اتحادی افواج کے درمیان شدت پسندی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون سمیت سرحدی رابطوں سے متعلق وضع کردہ نئے میکنزم اور دیگر امورکے اطلاق کیلئے اقدامات سے متعلق بات چیت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایساف کمانڈر کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن پر زور دیا جائے گا جبکہ پاکستان کی جانب سے اپر دیر میں دراندازی کے تازہ واقعات اور افغانستان سے پاکستانی حدود میں داخل ہوکر سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بات ہوگی ۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان چھبیس نومبر کو سلالہ چیک پوسٹ پر ایساف کے حملے کے بعد تعلقات اور تعاون انتہائی محدود سطح تک پہنچ گیا تھا اور طویل عرصہ تک عسکری قیادت کے درمیان رابطے بھی منقطع رہے ، ذرائع کے مطابق دونوں عسکری قائدین کے درمیان اس ملاقات کو پاک امریکہ تعلقات اور عسکری تعاون کے حوالے سے خصوصی اہمیت کی حامل قرار دیا گیا ہے۔