بدخشاں: برفانی تودہ گرنے سے بیالیس افراد ہلاک

afghanistan avalanches

afghanistan avalanches

بدخشاں: (جیو ڈیسک ) افغانستان کے صوبے بدخشاں کے گورنر کے مطابق برفانی تودہ گرنے سے کم از کم بیالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبائی گورنر کا کہنا ہے کہ تاجکستان سے ملحق ایک گاؤں برفانی تودہ گرنے کے باعث مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ اس گاؤں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بدخشاں افغانستان کا ایک دور افتادہ اور نہایت غریب علاقہ ہے۔ برف کے باعث اس صوبے کی رسائی ملک بھر سے چھ ماہ تک کٹی رہتی ہے۔ بدخشاں کی ہلال احمر کے ڈائریکٹر ناصر ہمت کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس گاؤں میں ایک سو نوے افراد تھے جن میں سے انتالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں میں سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ برفانی تودہ گرنے سے اس گاؤں میں ہلاکتوں میں اضا فے کا خدشہ ہے۔

ناصر ہمت کا کہنا ہے کہ تین افراد اس گاؤں کے قریب ایک دوسرے ضلع میں ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی گورنر شاہ ولی اللّٰہ اس گاؤں کا دورہ کر رہے تھے اور ان کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اس علاقے سے نکالنا پڑا۔