برطانوی بینک پر منی لانڈرنگ کا الزام،190کروڑ ڈالر جرمانہ

British Bank

British Bank

لندن/واشنگٹن:برطانوی بینک ایچ ایس بی سی منی لانڈرنگ کے معاملے میں جاری تحقیقات کے تحت امریکی حکام کو ایک سو نوے کروڑ ڈالر بطور جرمانہ ادا کریگا جو ایسے کیس میں اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ ہوگا۔

بینک پر الزام ہے کہ اس نے منشیات کا دھندہ کرنے والوں اور ان ممالک کے دھن کو جمع کرنے میں مدد کی جن پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔اس سال کے آوائل میں امریکی سینیٹ کی تحقیقات کے بعد بینک نے اعتراف کیا تھا کہ اس کے ہاں منی لانڈرنگ پر کنٹرول کرنے کا نظام اچھا نہیں ہے۔

گزشتہ ماہ بینک نے اس معاملے میں کسی بھی طرح کے سمجھوتے یا جرمانہ کی صورت میں ایک سو پچاس کروڑ ڈالر علیحدہ رکھ دیئے تھے۔وال سٹریٹ جرنل کے مطابق اس سمجھوتے کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں برطانوی بینک سٹینڈرڈ چارٹرڈ امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں تین سوملین ڈالر بطور جرمانہ ادا کرے گا۔

بینک پر اس جرمانے کی پہلے سے ہی توقع کی جا رہی تھی۔امریکی سینیٹ کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو اور امریکہ میں بینک کے اکاونٹس کو منشیات کا دھندہ کرنے والے گروہ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کر رہے تھے۔