بلوچستان بد امنی کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی

supreme court

supreme court

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ چیف جسٹس نے کوئٹہ کے اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کا حکم دیا ہے۔

بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کوئٹہ کے اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگائے جائیں اور باقی لاپتہ افراد آئندہ سماعت پر پیش کئے جائیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے بلوچستان میں امن و امان کے مخدوش حالات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی ہیں۔

اس سے پہلے آئی جی اور ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان سپریم کورٹ میں تاخیر سے حاضر ہوئے۔ وقت پر نہ پہنچنے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا بلوچستان ہاوس عدالت سے تین منٹ کی مسافت پر ہے۔ جسٹس خلجی عارف نے ریمارکس دیئے کہ تماشا بنایا ہوا ہے مقدمے میں بلوچستان کا کوئی نمائندہ حاضر نہیں۔

سپریٹنڈنٹ بلوچستان ایڈووکیٹ جنرل آفس نے بتایا آئی جی بلوچستان اورایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ہاؤس میں فریش ہو رہے ہیں جس پر جسٹس خلجی نے کہا ان سے کہیے بیوٹی پارلر بھی ہوتے آئیں۔ جنھیں بند کرتے ہیں انھیں پانی نہیں دیتے خود فریش ہو رہے ہیں۔